Community Services
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت  قیدیوں میں لنچ باکس ، کھانا اور پانی کی بوتلیں  فراہم کر دی گئیں

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت  قیدیوں میں لنچ باکس ، کھانا اور پانی کی بوتلیں  فراہم کر دی گئیں

امدادی سامان کی فراہمی کے علاوہ الخدمت جیلوں میں خواتین اور مرد قیدیوں کو ٹکنیکی تعلیم بھی فراہم کررہی ہے،سیداحسان اللہ وقاص،ذکراللہ مجاہد

لاہور (  )الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے پنجاب کی جیلوں میں قید مستحق قیدیوں کیلئے کھانے کے 5ہزار لنچ باکس اورپانی کی بوتلیں متعلقہ حکا م کوفراہم کیں،اس سلسلے میں آئی جی جیل خانہجات پنجاب آفس میں منعقدہ تقریب میں نائب صدورالخدمت فاؤنڈیشن احسا ن اللہ وقاص،ذکراللہ مجاہد،آئی جی جیل خانہ جات میا ں فاروق نذیرسمیت دیگرتنظیمی وسرکاری حکا م شریک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق اس امدادی سامان کا مقصدان قیدیوں کوسہولیات فراہم کرنا تھا جو عدالتی سماعت کیلئے جیلوں سے کورٹ کے سفراور عدالتی سماعت کے دوران دن بھربھوکے اور پیاسے رہتے ہیں۔

آئی جی جیل خانہ جات میا ں فاروق نذیرنے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے قیدیوں کے لیے جاری کام کو سراہتے ہوئے فلاح و بہبود کو بڑھانے کے لیے مزید اشتراک کے عزم کااظہارکیا۔انھوں نے کہاکہ ان کاوشوں سے قیدیوں میں مثبت رجحان پیدا ہوتا ہے۔ہم الخدمت فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں جو قدیوں کومعاشرے کا ایک مفید رکن بنانے میں ہماری  مدد کر رہی ہے۔سید احسان اللہ وقاص نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے برتنوں،بستر ودیگرسامان کے علاوہ جیل کی بیرکوں میں سہولیات کی فراہمی میں بھی اپنا کرداراداکرتی ہے، 

پاکستان کی مختلف جیلوں میں خواتین اور مرد قیدیوں کی تعلیم و تربیت کے پروگرام بھی جاری ہیں جہاں خواتین کے لیے سلائی اور نوجوانوں کیلئے کمپیوٹر سینٹرز قائم ہیں، رمضان المبارک میں افطار کااہتمام اورعیدپرتحائف بھی دئیے جاتے ہیں۔ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن سماجی خدمات پروگرام کے تحت خدمت خلق کے دیگر شعبوں میں خدمات کے ساتھ ساتھ جیلوں میں قید اسیران کی فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ ان قیدیوں کو مناسب دیکھ بھال اور توجہ سے جرائم کی دنیا سے باہر نکال کر معاشرے کا ایک مفید رکن بنانے میں مدد ملے گی۔

By Alkhidmat Foundation Pakistan

Bio. Press Release

show more